ملک میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی

المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی ضلع اوکاڑہ کے صدر محمد اسلم ندیم رانا نے بتایا کہ جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے علاقوں میں شدید سیلابی ریلوں اور بارشوں کی وجہ سے ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں، سینکڑوں زخمی اور جاں بحق ہو گئے ،سیلاب متاثرین کے گھر تباہ ہو چکے ہیں۔ المصطفی کی امدادی ٹیمیں سیلاب آنے کے فوری بعد متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئیں اور اس وقت جنوبی پنجاب کے اضلاع ڈیرہ غازی خان، راجن پور کے علاقوں، کوٹ مبارک، بستی احمدانی، تونسہ، فاضل پور سمیت دیگر مقامات پر امدادی مراکز قائم کر دئیے گئے ہیں جہاں سیلاب متاثرین کو تین اوقات کھانا پکا کر تقسیم کیا جارہا ہے، سیلاب کے دوران زخمی اور بیمار ہونے والے افراد کے علاج معالجہ کے لئے ماہر ڈاکٹروں کے زیر نگرانی میڈیکل کیمپ قائم کئے گئے ہیں جہاں ابتدائی طبی امداد اور ادویات کی فراہمی جاری ہے جبکہ شدید بیمار ہونے والے افراد کو ایمبولنس کے ذریعے ہسپتالوں میں منتقل کیا جارہا ہے، جن افراد کے گھر تباہ ہو چکے ہیں ان کے لئے خیموں کا بندوبست کیا گیا ہے اور انھیں محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے، سیلاب متاثرین کا سامان کشتیوں کے ذریعے باہر نکالا جارہا ہے،جنوبی پنجاب میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے ڈیرہ غازی خان میں کیمپ آفس قائم کیا گیا ہے جہاں سے ڈیرہ غازی خان، راجن پور، لیہ اور مظفرگڑھ کے اضلاع تک امدادی سامان کی فراہمی جاری ہے، المصطفیٰ کی ٹیمیں بلوچستان بھی امدادی کاموں میں سرگرم ہیں ، قلعہ سیف اللہ، جھل مگسی، لسبیلہ ، چمن میں امدادی ٹیمیں کاموں میں مصروف ہیں،امدادی ٹیموں کو سب سے زیادہ مشکلات راستے بند ہونے کی وجہ سے پیش آرہی ہیں، جس کے لئے مزدوروں اور ٹریکٹروں کے ذریعے راستے کھولے جارہے ہیں تاکہ خواتین، بچوں اور بزرگوں کو سیلاب زدہ علاقوں سے باہر نکالا جائے، انھوں نے کہا کہ اس وقت ادویات، خشک راشن، خیموں سمیت دیگر ضروریات کی اشد ضرورت ہے، انھوں نے مخیر افراد سے اپیل کی ہے کہ سیلاب زدگان کے لئے المصطفیٰ کے ساتھ فوری مالی امداد کی جائے تاکہ متاثرین کی فوری بحالی ممکن ہو سکے

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.